لاہور /اسلام آباد (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آزادی مارچ پر ابتدائی مشاورت مکمل کر لی، پارٹی رہنماؤں کی اکثریت نے جے یو آئی (ف) کے دھرنے میں شرکت پر اپنے تحفظات کا اظہار کر دیا، پارٹی نے صرف آزادی مارچ کی حد تک شرکت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے لاہور میں ہونے والے اجلاس کے بعد اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے جس میں لیگی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ میاں شہباز شریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں پارٹی رہنماؤں کی اکثریت نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شرکت کافیصلہ تو کیا ہے مگر انہوں نے دھر نے پر اپنے تحفظات سے پارٹی قیادت کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے دھرنے سے متعلق اپنے پارٹی رہنماؤں کے تحفظات مولانا فضل الرحمان تک بھی تفصیلی پہنچا دیئے ہیں۔ اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ عوام موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے تنگ آ چکے ہیں اور وہ اس سے نجات چاہتے ہیں جس کے پیش نظر احتجاج کرنا سب کا حق بنتا ہے تاہم مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کے حوالے سے ہمیں کچھ تحفظات ہیں جن کو دور کرنا ضروری ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان کو بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے جس کے بعد مولانافضل الرحمن کی جانب سے جلد لیگی قیادت سے ملاقات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔