لاہور(این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نفرت اور انتقام کی بنیاد پر حکومت چلائی جا رہی ہے،جواپنے ملک میں تقسیم کی بنیاد رکھ رہا ہے وہ کس طرح دوسرے ممالک میں ثالث کاکردار ادا کرے گا۔عدالت کے باہر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ پنجاب میں بڑھتی ہوئی بے چینی کسی بھی حادثے کا سبب بن سکتی ہے اور
یہی وجہ ہے کہ مولانا فضل الرحمان لوگوں کی آواز بن رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں کئی سالوں سے مفاہمت کے حامیوں میں شامل ہوں جب کسی کو زندہ درگور کر دینگے تو وہ کدھر جائیں گا۔22 کروڑ عوام کا ملک دھمکیوں سے نہیں چل سکتا،22 کروڑ کے ایٹمی طاقت والے ملک کو چلانے کے لیے آپ میں رواداری ہونا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ نیب کے ملزمان سے بہتر سہولیات واپس لی جا رہی ہیں،جو سال سال سے جیل کاٹ رہے ہیں وہ انکے بغیر بھی رہ لینگے۔آپکو بھی ضرورت ہو گی تو آپکو سہولت نہیں دی جائیگی،آپ نے نفرت کے بیج بوئے جو درخت بن چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دھرنے کی بنیاد عمران خان نے رکھی تھی،دھرنے کے حالات پر شیلڈ عمران خان کو دینی چاہیے۔2018 کے جعلی انتخابات کو سیاسی پارٹیوں نے انتشار سے بچنے کے لیے قبول کیا۔ اللہ پاکستان پر رحم کرے مگر موجودہ حالات کے ذمہ دار عمران خان ہیں،آپ سب کا گلہ گھونٹنا چاہتے ہیں سب کو چور کہتے ہیں جب آپ کی باری آئے گی تو لگ پتہ جائے گا۔انہوں نے کہاکہ جیل میں ایک ہفتے سے بیمار ہوں،بلڈ ٹیسٹ کروائے گئے ہیں ٹائیفائیڈ کی تشخیص ہوئی ہے۔واضح رہے کہ نیب نے پیراگون ہاسنگ کیس میں گزشتہ برس دسمبر میں ضمانت منسوخ ہونے کے بعد خواجہ برادران کو لاہور ہائیکورٹ سے گرفتار کیا تھا۔