میاں چنوں(آن لائن) پنجاب کے ضلع خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں چائے نہ بنانے پر شوہر نے کلہاڑی کے وار سے بیوی کی ناک کاٹ دی ہے۔اطلاعات کے مطابق واقعہ تھانہ صدر کے گاؤں 97 پندرہ ایل میں پیش آیا جہاں متاثرہ خاتون کو طبی امداد کے مرکز منتقل کر دیا گیا ہے۔متاثرہ خاتون پروین بی بی کے مطابق اس کے شوہر دلمیرا نے اپنے بھائی امیر اور کزن مشتاق کے ساتھ مل کر تشدد کا نشانہ بنایا۔خاتون کا کہنا ہے کہ اس کا شوہر
پہلے بھی تشدد کا نشانہ بناتا رہا ہے، میں گھروں میں کام کاج کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پالتی ہوں۔ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان کے تشدد سے خاتون کے ہاتھ، بازو اور جسم کے دیگر حصوں پر بھی زخم آئے۔مقامی پولیس افسر ملک طیب نے بتایا کہ متاثرہ خاتون نے ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی کے لیے رابطہ نہیں کیا۔ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے ملک طیب کا کہنا تھا کہ مدعیہ کی درخواست پر مکمل قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔