کشمور (نیوز ڈیسک) عوام کی شکایات کے ازالے کے لیے وزیراعظم کی جانب سے پاکستان سٹیزن پورٹل شروع کی گئی، جس میں عوام کی شکایات پر ان کے مسائل حل بھی کئے گئے، کشمور کے ایک شہری نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر سیپکو کے خلاف شکایت کی اس شہری کا شکایت کرنا پورے گاؤں کے لیے مہنگا پڑ گیا، سیپکو نے شکایت پر پورے گاؤں کی بجلی ہی کاٹ دی۔
سیپکو کے اس عمل پر اہل علاقہ سراپا احتجاج بن گئے اور انڈس ہائی وے پر دھرنا دے دیا، واضح رہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر کی گئی 86 فیصد شکایات کا ازالہ کیا گیاہے۔ دوسری جانب وزیر اعظم سیٹیزن پورٹل پر شکایات کے ازالے سے متعلق احتساب شروع ہوگیا اور اس سلسلے میں وزیر اعظم آفس کو غیر مجاز اہلکاروں کی شہریوں کی شکایات کو بغیر حل نمٹانے کی شکایات موصول ہوگئی ہیں،وزیر اعظم نے شہریوں کی شکایات کا حل مجاز افسران کے حتمی فیصلہ سے مشروط کر دیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ماتحت افسران شہری کی شکایت کو بغیر نتیجہ نمٹا نہیں سکتا،کوئی بھی شکایات نمٹانے سے قبل مجاز افسر کی اجازت ضروری ہو گی۔وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ شہریوں کی شکایات کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی قابل قبول نہیں ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کو حل یا ختم کرنیکا فیصلہ مجاز افسر ہی کر ے گا۔وزیر اعظم آفس نے تمام وفاقی اور صوبائی اداروں کو خط لکھ دیا۔ وزیر اعظم آفس کے مطابق شہری کی شکایات سے متعلق غلط بیانی یا کوتاہی کا ذمہ دار ادارے کا مجاز افسر ہو گا،غیر مجاز افسران کی شہریوں کی شکایات کے حل کی رپورٹ بدنیتی اور غفلت تصور ہو گی۔