اسلام آباد (این این آئی) سابق وزیراعظم نواز شریف کی مقتدر حلقوں سے ڈیل کی خبریں،شاہد خاقان عباسی کا خط،کھلبلی مچ گئی،سابق وزیرخواجہ آصف بھی کھل کر بول پڑے، تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما خواجہ آصف نے ڈیل کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے میاں نواز شریف کو کوئی خط نہیں پہنچایا گیا۔
ایک انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی مقتدر حلقوں سے ڈیل کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے میاں نواز شریف کو کوئی خط نہیں پہنچایا گیا۔ قبل ازیں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومت کے ساتھ کسی ڈیل کی خبروں کی ایک بار پھر تردید کر دی ہے۔ جمعرات کواحتساب عدالت میں پیشی سے قبل ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ عباسی صاحب خبریں ہیں کہ آپ نے نواز شریف کو ڈیل کے لئے خط لکھا ہے۔اس کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، نہ میں نے کوئی خط لکھا ہے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں ڈیل کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔دریں اثناء شریف خاندان کے افراد نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شر یف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی، ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے بھی نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کا طبی معائنہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق نواز شریف سے ان کی والدہ بیگم شمیم اختر،بھائی شہباز شریف، داماد کیپٹن (ر)محمدصفدراورذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ملاقات کی۔اہل خانہ نے نواز شریف سے ان کی خیریت دریافت کی جبکہ نواز شریف نے بھی اپنے چھوٹے بھائی شہباز شریف کی خیریت دریافت کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں نواز شریف اور شہباز شریف نے نیب کیسز سمیت مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جبکہ شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی سے مختلف امور پر رہنمائی بھی حاصل کی۔ملاقات میں شریک ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے نواز شریف کا طبی معائنہ بھی کیا۔نواز شریف اورشریف خاندان سے اظہاریکجہتی کے لئے جیل کے باہر موجود کارکنان قیادت کے حق میں اور حکومت کیخلاف نعرے لگاتے رہے۔