لاہور(آن لائن)احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 اگست تک توسیع کر دی۔احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی۔ جج نے حمزہ شہباز سے استفسار کیا کیا اپ کچھ کہنا چاہتے ہیں، جس پر حمزہ شہباز نے کہا ایک آدمی ہوں، نیب سے کہوں گا کرپشن ثابت کریں، نیب قیامت تک کرپشن ثابت نہیں کر سکتا، جس دن کرپشن ثابت ہو گئی عدالت اور پوری قوم سے معافی مانگوں گا۔ مسلم لیگ ن کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں
قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے نیب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے جھوٹ اِن کے گلے کا پھندا بننے والے ہیں۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ حکومت ہر میدان میں ہار چکی ہے۔ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، کہتے ہیں کہ روٹی سستی کرو، آج پٹرول مہنگا کر دیا تو روٹی سستی کیسے ہو گی؟حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اس حکومت کے جھوٹ اِن کے گلے کا پھندا بننے والے ہیں۔