اسلام آباد (این این آئی) اپوزیشن کے چیئر مین سینٹ کیلئے متفقہ امیدوار میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ میرا چیئرمین بننا نہ بننا اہم نہیں،تحریک میں ناکامی اپوزیشن کی شکست ہوگی۔ نیشنل پارٹی کی جانب سے اپوزیشن رہنماؤں اور سینیٹرز کو عشائیہ دیا گیا جس میں مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے شرکت کی۔اپوزیشن کے
چیئرمین سینیٹ کے امیدوار حاصل بزنجو نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میرا چیئرمین بننا نہ بننا اہم نہیں، لیڈرشپ اور پارٹی کی عزت داؤپر لگی ہوئی ہے،تحریک میں ناکامی اپوزیشن کی شکست ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کے متفقہ فیصلے کی حمایت نہ کرنے کا مطلب ہوگا کہ وہ قیادت پر عدم اعتماد کر رہے ہیں،تحریک کا معاملہ تمام ارکان سینیٹ کے لئے امتحان ہے۔