اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مہنگائی سے پریشان عوام پر حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے پٹرول بم گرا دیا ہے، اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا، پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 15 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیاہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 65 پیسے فی لیٹر اضافہ، لائٹ
ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 90 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 38 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے لیے سمری گزشتہ روز وزارت خزانہ کو بھیجی گئی تھی، وزارت خزانہ نے اسے منظور کر لیا ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم اگست 2019 سے ہو گا۔