کراچی (این این آئی)کراچی میں لٹھ اور تھڈو ڈیم میں شگاف پڑنے سے سپرہائی وے سے متصل رہائشی علاقے اور مویشی منڈی کا بڑا حصہ زیر آب آگیا جس کے نتیجے میں قربانی کے لیے لائی گئی درجنوں گائیں مرگئیں۔مویشی منڈی کے ایک بیوپاری نے بتایا کہ وہ ڈھرکی سے 35جانور منڈی لایا تھا جہاں اس نے80ہزار روپے میں جگہ حاصل کی، انتظامیہ نے جگہ دیتے وقت تمام سہولتیں دینے کا وعدہ کیا تاہم سیلاب کے آتے ہی انتظامیہ کہیں نظر نہیں آرہی۔بیوپاری نے بتایا کہ وہ اپنی 10 گائے بمشکل پانی سے
نکال سکا ہے جبکہ باقی گائیں اور کھانے پینے کا سامان وہیں پھنسا ہوا ہے۔گھوٹکی کے بیوپاری نے بتایاکہ سیلاب کے باعث100کے قریب گائے مرچکی ہیں جبکہ درجنوں گائے سر تک پانی میں ڈوبی ہیں جن کے مرنے کا خدشہ ہے۔مویشی منڈی کے کوآرڈی نیٹر نے بتایا کہ بعض بلاکس کے کوئی پیسے نہیں لیے گئے اور بیوپاریوں کو جگہ مفت دی گئی ہے جبکہ مویشیوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کے لیے ہمارے رضاکار موجود ہیں، متعدد بیوپاریوں کی من مانی کے باعث ان کے جانور پانی میں پھنس گئے ہیں۔