لاہور(این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران نے اپنے مطالبات کے حق میں اگست میں ملک بھر میں چار رو ز شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر تے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر حکومت نے بلاوجہ عائد کیے گئے ٹیکس واپس نہ لیے تو ہڑتال میں مزید توسیع کی جائے گی،وزیر اعظم عمران خان تاجروں کے مسائل پر سنجیدگی کا مظاہرہ کریں،پاکستان کی معیشت کی مضبوطی تاجر کی خوشحالی کے بغیر ممکن نہیں،
وزیر اعظم کے مشیر ان کو غلط مشورے دے رہے ہیں جس کا خمیازہ پاکستان کے تاجر بھگت رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان انجمن تاجران (نعیم میر گروپ) کے سیکرٹری جنرل نعیم میر،آل پاکستان انجمن تاجران (اشرف بھٹی گروپ) کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے سہیل محمود بٹ،وقار میاں،امجد چوہدری،محبوب سرکی،ارشد چوہدری،میاں خلیل،ظہیر الدین بابر اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ تاجر رہنماؤں نے کہا کہ حکومت نے ہمارے مطالبات کو سنجیدگی سے نہیں لیا جس کی وجہ سے ہم اس اقدام پر مجبور ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی تمام تاجر تنظیموں کے متفقہ اور مشترکہ اعلان کے مطابق 15، 16 اور26، 27 اگست ملک بھر میں مکمل شٹرڈاون ہڑتال کی جائے گی۔انہو ں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ریٹیلرز کی مشاورت سے فکسڈ ٹیکس سکیم کا اجراء کیا جائے،جب تک فکسڈ ٹیکس سکیم کا اجراء نہیں ہوجاتا ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔حکومت کی من پسند فکسڈ ٹیکس سکیم قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مطالبات نہ مانے گئے تو عاشورہ کے بعد غیر معینہ مدت کے لئے شٹر گرا دیں گے۔