لاہور( این این آئی )پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز چوہدری شوگرمل مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں نیب لاہور کے دفتر میں پیش ہو گئیں ،نیب نے مریم نواز کو سوالنامہ دے کر 8اگست کو دوبارہ طلب کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے رمضان شوگر مل مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں مریم نواز ، حسن نواز، حسین نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کو31جولائی کیلئے طلبی کے نوٹسز جاری کئے تھے۔ مریم نواز اپنے خاوند کیپٹن (ر) محمد صفدر کے ہمراہ جاتی امراء رائے ونڈ
سے نیب لاہور کے ہیڈ کوارٹر ٹھوکر نیاز بیگ پہنچیں ۔ ذرائع کے مطابق نیب کی تین رکنی ٹیم نے مریم نواز سے رمضان شوگر ملز کے شیئرز اور دیگر معاملات پر 45منٹ تک سوالات پوچھے جس کے بعد انہیں واپس جانے کی اجازت دیدی گئی ۔ ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے مریم نواز کو ایک سوالنامہ بھی دیا گیا ہے اور انہیں 8اگست کو دوبارہ پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مریم نواز کی نیب میں پیشی کی اطلاع پر کارکن ان کی رہائشگاہ جاتی امراہ اور نیب ہیڈ کوارٹر کے باہر پہنچ گئے اور نعرے لگاتے رہے ۔