اسلام آباد(سی پی پی) چین کا پاکستان کے ساتھ یوتھ ایکس چینج پروگرام شروع کرنیکا فیصلہ کرلیا ہے، رواں سال نومبر میں 100 پاکستانی نوجوانوں کا وفد چین کا دورہ کرے گا۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی نوجوانوں کے لیے اچھی خبر آگئی، چین نے پاکستان کے ساتھ یوتھ ایکس چینج پروگرام شروع کرنیکا فیصلہ کرلیا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار سے چینی سفارتخانے کے وفد کی ملاقات ہوئی، وفد کی قیادت سفارتخانے کے ڈپٹی چیف جیولی جیان نے کی، ملاقات میں پاکستانی اور چینی نوجوانوں کے درمیان رابطوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت پاکستانی نوجوانوں کا وفد چین بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت رواں سال نومبر سوپاکستانی نوجوانوں کا وفد چین کادورہ کریگا۔ دورے کے ذریعے نوجوانوں کو جدید رجحانات سے واقفیت ملے گی۔عثمان ڈار کاکہناتھا کہ بہت جلد ترکی ملائشیا اور دیگر ممالک کے ساتھ بھی ایکسچینج پروگرام شروع کریں گے۔چینی وفد کے سربراہ جیولی جیان نے اس موقع پرکہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت ہے، ان کے لئے بہتر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔یاد رہے جنوری 2019 میں پاکستان اور چین کے نوجوانوں پر مشتمل یوتھ کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا تھا اور چین نے پاکستانی نوجوانوں کے وفد کو دورہ چین کی دعوت بھی دی تھی۔عثمان ڈار کا کہنا تھا چین کی جانب سیدعوت نامہ ملنانوجوانوں کے لئے بڑی کامیابی ہے، نوجوانوں کے درمیان تجربات کا تبادلہ اور رابطوں کو بڑھایا جائے گا، وزیراعظم کی ہدایت پر نوجوانوں کے لئے تاریخی اقدامات کررہے ہیں۔اس سے قبل دسمبر 2018 کو نوجوانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق پہلا اجلاس ہوا تھا، اجلاس کے لیے پہلی مرتبہ چاروں صوبوں کے یوتھ منسٹرز، مشیر اور سیکریٹریز اکٹھے ہوئے تھے، جس میں صوبائی حکومتوں نے وفاق کے ساتھ مل کر پالیسی بنانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔