لاہور(صباح نیوز)پنجاب میں میڈیکل انٹری ٹیسٹ کی آن لائن رجسٹریشن کی تاریخ میں یکم اگست تک توسیع کردی گئی ہے۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ آن لائن رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ امیدواروں کی سہولت کی پیش نظر کیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق اب تک 75307امیدوار رجسٹرڈ ہوچکے ہیں،فیس جمع کرانے کے 72گھنٹے کے اندر امیدوار کی رول نمبر سلپ جاری ہوگی،یکم اگست کے بعد رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ 11جون کو خبر آئی تھی کہ پاکستان کے تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے داخلہ ٹیسٹ 25اگست 2019کو ہونگے۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے ایڈمیشن بورڈ نے انٹری ٹیسٹ کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل(پی ایم ڈی سی)کے ایڈمیشن بورڈ نے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا۔ اجلاس میں میڈیکل یونیورسٹیوں کے نائب چانسلرز کو مدعو کیا گیا تھا۔پی ایم ڈی سی کے ترجمان کے مطابق پہلی دفعہ پورے پاکستان میں ایک ہی دن یعنی 25اگست کو ٹیسٹ منقعد کیا جائیگا۔