اسلام آباد (این این آئی) بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ شبلی فراز کو مولانا فضل الرحمن کے پاس ہم لے کر گئے، ناکامی اور کامیابی کے ذمہ دار ہیں ہم تحریک انصاف نہیں۔ ایک انٹرویو میں سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ اپوزیشن کی اکثریت کو تسلیم کرتے ہیں اور یہ نہیں کہتے کہ غیرجمہوری کام ہے۔ متحدہ اپوزیشن نے اکثریت کی بنیاد پر جس شخص کا انتخاب کیا ہے ان کے پاس پانچ ووٹ ہیں۔انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان کے پاس وفد بلوچستان
عوامی پارٹی لے کر گئی تھی اس کی ناکامی اور کامیابی کی ذمہ دار ہم ہیں، تحریک انصاف نہیں۔انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ہمارے پاس راستہ تھا کہ یا استعفیٰ دیتے یا سامنے کرتے اور ہم جمہوریت کے مطابق سامنا کررہے ہیں، سینیٹرز اور جماعتوں سے ملاقاتیں ہمارا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک واپس لینے میں اپوزیشن نے دلچسپی نہیں دکھائی ہے، اگر سینیٹرز کو ووٹ ڈالنے سے کسی بھی طرح روکا گیا تو ہم اپوزیشن کے ساتھ آواز اٹھائیں گے۔