کوئٹہ (این این آئی) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ چیئر مین سینیٹ کی تبدیلی کے بعد بلوچستان حکومت کو ہٹائیں گے وزیراعظم نے دورہ امریکہ میں ناموس رسالت، ناموس صحابہ کے قوانین پر سمجھوتہ اور قادیانیوں پر سہولیات دینا کا سودا کیا ہے، آج کوئٹہ میں ملین مارچ کے بعد اپوزیشن جماعتیں اسلام آباد کا رخ کریں گی محرم الحرام کے بعد 15لاکھ افراد اسلام آباد میں دھرنا دیں گے
مارشل لاء نما حکومت کی انتقامی کارائیوں سے اپوزیشن مزید مضبوط ہوگی عوامی نیشنل پارٹی جلد بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن چیمبر میں ہوگی،یہ بات انہوں نے ہفتہ کو بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن چیمبر میں اپوزیشن لیڈر ملک سکند رخان ایڈووکیٹ کے ہمراہ پریس کانفر نس کرتے ہوئے کہی، اس موقع پرجمعیت علماء اسلام کے صوبائی سیکرٹری جنرل و رکن قومی اسمبلی آغا محمود شاہ اراکین اسمبلی سید فضل آغا، زابد ریکی، عبدالواحد صدیقی، اصغر ترین، میر یونس عزیز زہری سمیت دیگر بھی موجود تھے، مولانا عبدالواسع نے کہا کہ حکومت کی جانب سے انتقامی کاروائیوں سے سیاسی جماعتوں کے عزم مزید مضبوط او ر لوگ ہماری جانب مائل ہوئے ہیں ضیا ء الحق اور مشرف کی طرح مارشل لاء نما حکومت ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتی انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی صوبائی حکومت سے جلد علیحدہ اور اپوزیشن چیمبر میں ہوگی اس کے بعد ہم بلوچستان حکومت پر حملہ آور ہو کر اسے ہٹائیں گے مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ آج کوئٹہ میں ہونے والے ملین مارچ سے خطاب کریں گے اس سے قبل ہم13ملین مارچ کر چکے ہیں جو کہ انتہائی کامیاب رہے جبکہ بلوچستان کے ملین مارچ میں بھی لوگوں کا سمند ر امڈ آئیگا انہوں نے کہا کہ ملک پر مسلط شدہ سلیکٹڈ حکمران باہر کے ایجنڈے کی تکیمل میں مصروف ہیں ہمارا 25جولائی 2018سے یہ موقف ہے کہ انتخابات میں بد ترین دھاندلی ہوئی اورہم ان انتخابات کو مسترد کرتے ہین لیکن الیکشن کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے اسرار پر حلف لیا یہ حکومت نہ جمہوری ہے نہ ہی آئینی حکومت یہودیوں کے ایجنڈے کی تکمیل کر رہی ہے
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اپ پشتا رہی ہیں کہ ہم نے حلف کیوں لیا اور اب تمام جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ اس حکومت کو مزید رہنے کا کوئی حق نہیں اس سلسلے میں 25جولائی کو یوم سیاہ بھی منایا گیا اس سے قبل ہی عوام نے حکومت مخالف اقدامات پر ہڑتالیں بھی کیں ایک سوال کے جواب میں مولانا عبدالواسع نے کہا کہ محرم الحرام کے بعد تمام سیاسی جماعتیں اسلام آبادکی جانب لانگ مارچ کریں گی جس میں 15لاکھ افراد شرکت کریں گے
لانگ مارچ کے بعد حکومت کے خاتمے تک اسلام آباد میں دھرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ ملین مارچ کی سکیورٹی اور این او سی دینے کے لئے حکومت نے لیت و لال سے کام لیا ہم لاقانونیت نہیں چاہتے اس لئے ہم نے حکومت کے این او سی کا انتظار کیا بل آخر ہمیں گزشتہ روز این او سی جاری کیا گیا ایک اور سوال کے جواب میں مولانا عبدالواسع کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن سے حکومت اتحادی وفد کی ملاقات ہوئی جس میں حکومت نے چیئر مین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ہاتھ ہلکا رکھنے، حکومت کا ساتھ دینے یا تحریک واپس لینے کی تجاویز دی لیکن مولانا فضل الرحمن نے حکومت کو کسی قسم کا بھی ریلیف دینے سے صاف انکار کردیا ہے چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کے بعد بلوچستان حکومت کی باری ہے ہم حکومت کی دیوار سے ایک ایک کر کے اینیٹ نکالیں گے اور اسے گرائیں گے
انہوں نے کہا کہ ملین مارچ میں دیگر سیاسی جماعتوں کو مدعو نہیں کیا گیا یہ جمعیت علماء اسلام کا مارچ ہے جس میں دیگر جماعتوں کو شامل نہیں کر رہے،مولانا عبدالواسع نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے ہماری بات نہیں مانی لہذا ہم نے امداد بند کردی لیکن عمران خان نے ایسی کونسی بات مان لی ہے کہ انہوں نے امداد بحال کردی ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دورہ امریکہ میں نامسوس رسالت، ناموس صحابہ،قادیانیوں کو آزادی دینے کا سودا کیا ہے ہم واضح کرتے ہیں کہ پاکستان کی 22کروڑ عوام یہ فیصلہ کسی صورت قبول نہیں کرے گی اور ہم اس دین دشمن اقدام کو مستر د کرتے ہیں،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ آج ہم اپنی سیاسی قوت کابھر پور مظاہرہ کریں گے، جمعیت علما ء اسلام نے ہمیشہ ناموس رسالت کا دفاع کیا ہے آئند ہ بھی کرتے رہیں گے پہلی بار کوئٹہ میں تاریخی مارچ ہوگا جس میں صوبے بھر سے لاکھو ں افراد شرکت کریں گے۔