اسلام آباد (آن لائن)ملی یکجہتی کونسل پاکستان ریاست مدینہ کے قیام کے لیے تحریک چلائے گی اس سلسلے میں ملک کے مختلف شہروں میں کنوینشن منعقد ہوں گے۔ تحریک ریاست مدینہ ایکشن کمیٹی کے ایک اعلی سطحی اجلاس میں راہنماؤں کا کہنا تھا کہ
حکومت امریکہ کے ساتھ چل کر ریاست مدینہ قائم نہیں کرسکتی، اب ملک کی دینی و مذہبی جماعتیں ریاست مدینہ کے قیام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔ کونسل کے راہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت اسلامی قوانین اور آئینی شقوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ سے گریز کرے۔ اس اجلاس کی صدارت کونسل سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کی اس اجلاس میں کونسل کے مرکزی راہنماؤں علامہ عارف حسین واحدی، سید ثاقب اکبر، علامہ صفدر گیلانی، پیر معین الدین کوریجہ، مرزا ایوب، چوہدری آفتاب احمد، عبد الرحمن، محمد طاہر رشید تنولی، چوہدری محمد صدیق، علامہ خالد سیف اللہ، شاہد شمسی اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ تحریک ریاست مدینہ ایکشن کمیٹی اور ملی یکجہتی کونسل کے زیراہتمام لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور میں کنونش منعقد ہوں گے جبکہ اس سلسلے کا عظیم الشان کنونش اسلام آباد کے کنونش سنٹر میں منعقد کیا جائے گا۔ تحریک ریاست مدینہ ایکشن کمیٹی ملی یکجہتی کونسل کے سپریم کونسل کے اجلاس میں قائم کی گئی جس کی سربراہی کونسل کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ کر رہے ہیں۔