لاہور(این این آئی)شریف خاندان کے افراد ہفتہ کے روز سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے کوٹ لکھپت میں ملاقات کریں گے۔تفصیلات کے مطابق مریم نواز کی یوم سیاہ کے سلسلہ میں کوئٹہ روانگی اور شہباز شریف کی لاہور میں جلسے کی تیاریوں میں مصروف ہونے کی وجہ سے آئی جی جیل خانہ جات کو جمعرات کی بجائے ہفتے کے روز نواز شریف سے ملاقات کی درخواست دی گئی جسے منظور کر لیا گیا۔ آئی جی جیل خانہ جات کی خصوصی اجازت سے شہباز شریف اور مریم نواز سمیت دیگر اہل خانہ اب ہفتہ کے روز کوٹ لکھپت جیل میں
نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔ دریں اثناء علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر مسافر اور لیگی کارکن مریم نواز کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بناتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز اپنے خاوند کیپٹن (ر) محمد صفدر، سینیٹر پرویز رشید، سینیٹر نزہت صادق اور یعقوب خان ناصر کے ہمراہ لاہور ائیر پورٹ سے کوئٹہ کے لئے روانہ ہوئیں۔ موسم کی خرابی کے باعث پرواز ایک گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئے۔ اس دوران ائیر پورٹ پر موجو د مسافر او رلیگی کارکنان مریم نواز کے ساتھ تصاویز اور سیلفیاں بناتے رہے۔