لاہور (پ ر) حکومت پنجاب کی ہدایت پر پنجاب پولیس کی جانب سے ڈی ویپنائزیشن کے دوران پنجاب بھر کی 9 ڈویژنوں سے 49 ہزار 965 غیر قانونی ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں۔ ڈی ویپنائزیشن کے کیلئے پنجاب پولیس کی جانب سے لاہور ڈویژن میں 267 کمبائنڈ آپریشنز اور 951 چھاپے مارے گئے جن کے دوران 14 ہزار 456 ہتھیار برآمد کرکے 1261 مقدمات درج کیے گئے۔ لاہور سے غیر قانونی ہتھیار رکھنے والے 1273 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ غیر قانونی ہتھیاروں کی ریکوری کے سلسلے میں گوجرانوالہ ڈویژن دوسرے نمبر
پر رہی جہاں سے 13 ہزار 389 ہتھیار برآمد کرکے 672 مقدمات درج کیے گئے اور 683 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پنجاب کے دوسرے اور پاکستان کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد ڈویژن میں 3 ہزار 897 ہتھیار برآمد کرکے 685 مقدمات درج کیے اور 685 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ علاوہ ازیں ساہیوال ڈویژن سے 2 ہزار 342، ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے 1007، بہاولپور ڈویژن سے 3 ہزار 606، ملتان ڈویژن سے ایک ہزار 696، راولپنڈی ڈویژن سے 6 ہزار 324، سرگودھا ڈویژن سے 3 ہزار 248 غیر قانونی ہتھیار پکڑے گئے۔