اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسی اورسندھ ہائیکورٹ کے جسٹس کے کے آغا کیخلاف صدارتی ریفرنس کے معاملے پر پاکستان بار کونسل نے 27 جولائی کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان بار کونسل کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیاکہ 27 جولائی کو تمام بار کونسلز میں احتجاج کیا جائے گا۔ اسلام آباد بار ایسوسی ایشن میں 27 جولائی کو
وکلا کنونشن بھی ہوگا۔بار کونسل کے اعلامیے میں کہا گیاکہ تحریک بحالی عزت وکلا کی حمایت نہیں کرتے،وکلا نے ہمیشہ عدلیہ کی آزادی اور وقار کیلئے تحاریک چلائی ہیں،جج ارشد ملک اور سول جج راولپنڈی شوکت حیات کا معاملہ عدلیہ پر سوالیہ نشان ہے۔پاکستان بار کونسل کی طرف سے مطالبہ کیا گیاکہ ارشد ملک اور سول جج شوکت حیات کے معاملے کی قانون کے مطابق انکوائری کی جائے۔