لاہو(نیوزڈیسک)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اوروزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج سرکٹ ہاؤس میں فیصل آباد ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ار اکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔4 گھنٹے طویل ملاقات میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے فرداً فرداً اپنے حلقوں کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور فلاح عامہ کی سکیموں سے وزیراعلیٰ اور گورنر کو آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار اراکین اسمبلی کی تجاویز، سفارشا ت اور مسائل خود نوٹ کرتے رہے۔وزیراعلیٰ نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو ان کے مسائل کے جلد حل اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ نے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی خدمت کے سفر میں ہم شانہ بشانہ چلیں گے۔ میں نے ڈویژن کی سطح پر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور سب سے پہلے فیصل آباد ڈویژن آیا ہوں، آپ کا ہر مسئلہ میرا اپنا ہے۔ترقیاتی منصوبوں اور فلاح عامہ کی سکیموں میں آپ کی مشاورت شامل ہوگی۔انہوں نے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں نے ذاتی نمائش کے منصوبوں پر اربوں روپے کے وسائل برباد کئے۔ عوام سابق ادوار کے حکمرانوں کو یکسر فراموش کر چکی ہے۔نیا پاکستان بن رہا ہے اور بن کر رہے گا۔میرا ہر رکن اسمبلی اپنے حلقے میں وزیراعلیٰ ہے اورآپ سے مشاورت کا سلسلہ جاری و ساری رہے گا۔اکٹھے مل کر چلیں گے تو عوام کی خدمت میں آسانی ہوگی۔اراکین اسمبلی سے کوآرڈینیشن مزید بہتر بنائیں گے۔ فیصل آباد ڈویژن میں 500 ترقیاتی منصوبوں پر 152 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔فیصل آباد ڈویژن کیلئے مثالی ترقیاتی پیکیج دیا ہے۔فیصل آباد میں واسا کو فعال بنایا جائے گا۔انفراسٹرکچر ٹیکس کا جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ضلع جھنگ میں دریا بر د ہونے والے دیہات کے مالکان کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔فیصل آباد ڈویژن میں تعلیم اور صحت کی سہولتوں کو مزید بہتربنانے کیلئے اربوں روپے مختص کئے ہیں۔فیصل آباد میں پینے کے پانی کا مسئلہ حل کیا جائے گا۔انڈرپاس کی تعمیر کے منصوبے کو جلد مکمل کریں گے۔وزیراعلیٰ نے فیصل آباد میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ فیصل آباد ڈویژن کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر ہوگا۔سیوریج کے نظام کو بہتر بنائیں گے۔زبانی جمع خرچ کا وقت گزر چکا، ہم عمل کرکے دکھاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں نئے اضلاع اور تحصیلیں بنانے کیلئے کمیٹی قائم کر دی ہے۔کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں نئے اضلاع اور تحصیلیں بنائیں گے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی طرف سے اراکین اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ فیصل آباد ڈویژن سے شروع کرنے کا ا مر خوش آ ئند ہے۔فیصل آباد ڈویژن نے عام انتخابات میں تحریک انصاف کو کامیاب کرایا۔آب پاک اتھارٹی کا نوٹیفکیشن جلد جاری ہو جائے گا۔
پنجاب کے ہر گاؤں میں پینے کا پانی پہنچائیں گے۔ ضلع اور صوبے کی سطح پر آب پاک کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ اراکین اسمبلی نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار دن رات محنت کر رہے ہیں۔ دروازے ہمیشہ دوسروں کے لئے کھلے رہتے ہیں -وزیراعظم عمران خان کا آپ کو وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ درست ثابت ہوا ہے۔ ہم دل کی باتیں آپ سے کرتے ہیں۔ آپ نے پنجاب میں عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر منصوبے شروع کئے ہیں۔ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، کمشنر فیصل آباد ڈویژن، آر پی او، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز اور ڈی پی اوز بھی اس موقع پر موجود تھے