لاہور( این این آئی)ضلع کچہری میں پولیس حراست میں پیشی پر لائے جانے والے ملزم کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ، پولیس نے فائرنگ کرنے والے شخص کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا ، فائرنگ سے ہر طرف بھگدڑ مچ گئی او رلوگ اپنی جانیں بچانے کیلئے بھاگ کھڑے ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق اقدام قتل کے ملزم ندیم راشد کو گزشتہ روز پولیس پیشی کیلئے ضلع کچہری لائی جہاں مخالفین نے فائرنگ کر دی ۔ فائرنگ سے ہر طر ف بھگدڑ مچ گئی اور
وکلاء اور سائلین اپنی جانیں بچانے کے لئے بھاگ کھڑے ہوئے ۔ فائرنگ کی زد میں آکر ملزم ندیم راشد موقع پر ہی دم توڑ گیا ۔ پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم علی حیدر کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا ۔ آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے فوری رپورٹ طلب کر لی ۔ جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز محمداشفاق خان اور دیگر پولیس افسران بھی موقع پر پہنچ گئے اور واقعہ کے حوالے سے آگاہی حاصل کی ۔