گھوٹکی(این این آئی)الیکشن کمیشن نے این اے 205 کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ جاری کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے این اے 205 کے فارم 47 کے مطابق پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے امیدوار سردار محمد بخش خان مہر 89 ہزار 359 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جبکہ آزاد امیدوار احمد علی خان مہر 72 ہزار 848 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ حلقے میں ووٹ ڈالنے کی شرح 48 اعشاریہ 20 فیصد رہی۔الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں ایک لاکھ 73 ہزار 953 ووٹرز نے
اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جبکہ چھ ہزار 32 ووٹ مسترد ہوئے۔اس نشست پر مدمقابل دونوں امیدوار ماموں اور بھانجاتھے ، سردار احمد علی کو تحریک انصاف اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی اے)کی حمایت حاصل تھی۔این اے 205 کی یہ نشست سابق وفاقی وزیر علی محمد مہر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی، وہ 2002 سے 2004 تک وزیراعلی سندھ بھی رہے۔پیپلزپارٹی کے امیدوار کی جیت پر ان کے حامیوں نے خوب جشن منایا، جیالوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور پارٹی قیادت کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔