فیصل آباد (این این آئی) انتظامیہ کی اجازت کے بغیر ریلی نکالنے اور جلسہ کرنے پر مریم نواز اور مسلم لیگ (ن) کے کئی رہنماؤں کیخلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔نجی ٹی وی کے مطابق فیصل آباد کے تھانہ نشاط آباد، سرگودھا روڈ، سمن آباد اور فیکٹری ایریا میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز، رانا ثنا اللہ کی اہلیہ اور داماد کیخلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں، ان مقدمات میں پارٹی کے مرکزی رہنما سابق گورنر سندھ زبیر عمر، مصدق ملک، جاوید لطیف، طلال چوہدری، ارکان اسمبلی علی عباس، فقیر حسین ڈوگر،
حامد رشید، رائے حیدر علی اور جعفر علی ہوچہ سمیت دیگر رہنما بھی بطور ملزم نامزد کئے گئے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور ارکان اسمبلی پر درج مقدمات میں انتشار پھیلانے، غیر قانونی جلسہ، نقص امن اور ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی سمیت متعدد دفعات شامل کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ مریم نواز نے 21 جولائی کو فیصل آباد میں ریلی نکالنے اور جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن انتظامیہ نے اس کی اجازت نہیں دی تھی، انتظامیہ کی اجازت کے بغیر مریم نواز نے ریلی نکالی اور جلسہ کیا تھا۔