اسلام آباد(آن لائن) امریکی انتظامیہ کا وزیراعظم عمران خان کو دورہ امریکہ کے دوران غیر روایتی سیکیورٹی پروٹوکول دینے کا فیصلہ، نجی مصروفیات کے دوران بھی سیکرٹ سروس حفاظت پر مامور ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے
اوورسیز چیپٹر کے سیکرٹری عبداللہ ریاڑ نے آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ امریکہ کے دوران خصوصی پروٹوکول دینے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ عمومی طور پر امریکہ کے دورے پر آئے ہوئے کسی بھی سربراہ مملکت کی حفاظت سیکرٹ سروس ناصرف سربراہ مملکت کی سرکاری مصروفیت کے دوران حفاظت کی ذمہ دار ہوتی ہے بلکہ ان کی نجی مصروفیات کی پیش بندی اور حفاظتی حصار بھی انہی کی ذمہ داری ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ اگرچہ وزیراعظم کا دورہ سٹیٹ وزٹ کے زمرے میں نہیں آتا اس لئے نجی مصروفیات کے دوران ان کی حفاظت میٹروپولیٹن پولیس کے سپرد ہونا تھی لیکن دورے کی اہمیت کے پیش نظر سیکرٹ سروس نے پروٹوکول لیول بڑھاکر وزیراعظم عمران خان کی نججی مصروفیات کے دوران بھی سٹیٹ پروٹوکول دینے کا فیصلہ کیا ہے اور21جولائی کو واشنگٹن ڈی سی کے سب سے بڑے ان ڈور سٹیڈیم میں پاکستانی کمیونٹی سے وزیراعظم کے خطاب کے دوران سٹیڈیم کے اندر اور باہر سیکرٹ سروس حفاظتی حصار مہیا کرے گی۔