اسلام آباد (آن لائن ): پاکستان کی دس سالہ کوہ پیما نے مشکل ترین چوٹی سر کر کے کم سن کوہ پیما ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق دس سالہ ننھی پاکستانی کوہ پیما سلینہ خواجہ نے مشکل ترین 7 ہزار 27 میٹر بلند چوٹی ”اسپنٹک ” سر کرکے نیا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔ قراقرم کلب نامی ٹویٹر ہینڈل نے ننھی کوہ پیما سلینہ کے عالمی ریکارڈ کی تعریف کر دی۔
ننھی سلینہ نے یہ ریکارڈ 10 سال کی عمر میں قائم کیا۔ دس سالہ ننھی کوہ پیما سلینہ کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔ مہم جوئی کے لیے سلینہ گذشتہ ماہ اپنے والد یوسف خواجہ اور دیگر کوہ پیماؤں کے ساتھ روانہ ہوئی تھی۔ مشکل موسمی حالات کے باوجود کم عمر کوہ پیما سلینہ نے ہمت اور بہادری سے فتح کا جھنڈا لہرایا۔خیال رہے کہ اس سے پہلے ننھی کوہ پیما سلینہ نے گذشتہ سال 9 سال کی عمر میں دنیا کی تیسری 6 ہزار 50 میٹر بلند ترین چوٹی ”منگلی” کو سر کر کے عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔سلینہ 5 ہزار 765 میٹر بلند کوزہ سر چوٹی بھی سر کر کے عالمی ریکارڈ بنا چکی ہیں۔ علاوہ ازیں وہ منگلی اور ولیوسر چوٹی بھی سر کر چکی ہیں۔ سلینہ کا خواب دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنا ہے جس کی بلندی 8 ہزار 8 سو 48 میٹر ہے۔ اب ان کی کوہ پیمائی کا اگلا قدم براڈ پیک کو بھی تسخیر کرنا ہے۔ براڈ پیک 8 ہزار 47 میٹر بلند چوٹی ہے۔ سلینہ کا کہنا ہے کہ میرا اگلا ہدف ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنا ہے۔ننھی کوہ پیما سلینہ نے اپنے ہم عمر بچوں کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ اپنے لیے بڑے ہدف کا انتخاب کریں۔ آپ سخت محنت کریں اور اپنا ہدف حاصل کریں۔ سلینہ کے والد کا کہنا ہے کہ میں نے اپنی بیٹی کے شوق کو دیکھتے ہوئے خود ہی اس کو تربیت دی اور گھر میں قائم کیے جانے والے فٹنس کلب میں ہی اپنی بیٹی کو خطروں سے نمٹنے اور ایسی مشکلات کا مقابلہ کرنے کے لیے اسے خود تیار کیا۔