اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانیوالے مرکزی ملزم میاں طارق کی گرفتاری پر کہا ہے کہ حسین نواز کی تصویر لیک کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی؟۔ بدھ کو مریم نواز نے جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانے والے مرکزی ملزم میاں طارق کی گرفتاری کے ردّ عمل میں
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ اچھا ہوا مگر اس ویڈیو کو جج کو دکھا کر بلیک میل کرنے اور نواز شریف کو بیگناہ ہوتے ہوئے بھی زبردستی سزا دلوانے والوں کو بھی پکڑا جائیگا؟۔انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں سوال اٹھایا کہ ’حسین نواز کی تصویر لیک کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی؟۔واضح رہے کہ رواں سال 6 جولائی کو مریم نوازنے پریس کانفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سزا سنانے والے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ایک ویڈیو جاری کی جس میں مبینہ طور پر یہ بتایا گیا کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو نواز شریف کو سزا سنانے کے لیے بلیک میل کیا گیا اس بنیاد پر مریم نواز نے یہ مطالبہ کیا کہ چونکہ جج نے خود اعتراف کرلیا ہے لہٰذا نواز شریف کو سنائی جانے والی سزا کو کالعدم قرار دے کر انہیں رہا کیا جائے۔جج ارشد ملک نے ویڈیو جاری ہونے کے بعد اگلے روز ایک پریس ریلیز کے ذریعے اپنے اوپرعائد الزامات کی تردید کی اور مریم نواز کی جانب سے دکھائی جانے والی ویڈیو کو جعلی،فرضی اور جھوٹی قرار دیا۔جج ارشد ملک کا ایک بیان حلفی بھی منظر عام پر آیا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز نے انہیں رشوت کی پیشکش کی۔