کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے پی پی پی میڈیا سیل بلاول ہاؤس اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کے بعدپریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 25 جولائی 2018 کے دھاندلی زدہ الیکشن کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ25 جولائی بروز جمعرات پورے ملک میں یوم سیاہ بھرپور طریقے سے منایا جائے گااس سلسلے میں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 25جولائی بروز جمعرات مزار قائداعظم پر ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کیا جائے گا
جس سے اپوزیشن جماعتوں کے مرکزی قائدین خطاب کرینگے۔ اس سلسلے میں ایک آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں پیپلز پارٹی کے سعید غنی اور وقار مہدی، مسلم لیگ ن کے علی اکبر گجر، سلمان خان، جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان کے مولانا عبدالکریم عابد اور مولانا غیاث، اے این پی کے یونس بونیری اور حنیف شاہ، نیشنل پارٹی کے رمضان میمن اور مجید ساجدی، جے یو پی کے حلیم غوری، مستقیم نورانی، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سکندر خان اور بشیر خان مندوخیل شامل ہونگے۔ کمیٹی کا اجلاس آج صبح 11بجے میڈیا سیل بلاول ہاؤس میں منعقد ہوگا۔موجودہ سلیکیٹڈ حکومت کو مسلط کرنے کے بعد ملک میں بیروزگاری مہنگائی اور غربت میں بے تحاشہ اضافہ ہوا اور پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 25جولائی کا جلسہ اس ملک کی سیاست میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا اور پورے شہر سے تمام اپوزیشن جماعتوں کے جلوس جلسہ گاہ پہنچے گے جلسے کے سلسلے میں پورے شہر میں بینرز اور استقبالیہ کیمپ بھی لگائے جائینگے۔ پریس کانفرنس سے مسلم لیگ ن کے رہنما علی اکبر گجر، جے یو آئی ایف کے مولانا عبدالکریم عابد، عوامی نیشنل پارٹی کے یونس بونیری، نیشنل پارٹی کے رمضان میمن، جے یو پی کے حلیم خان غوری، نیشنل پارٹی کے نظیر جان پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیلیکٹڈ حکومت کا 25 جولائی کو ایک حادثہ تھا‘قوم نے اس سیلیکٹڈ حکومت کا اصل چہرہ دیکھ لیا‘تاجر برادری سے لے کر ہر مکتبہ فکر کی کمر توڑ دی ہے‘ جدوجہد کرنی ہے ہمارا ایمان ہے
جہاں بڑے بڑے ڈکٹیٹر نہیں رہے وہاں یہ بھی نہیں رہینگے‘25 جولائی 2018 کے الیکشن میں فیصلوں کو بدلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مزید فیصلے لئے گئے تو اس میں ملک کی بہتری نہیں ہوگی‘ہم نے تیاریاں کافی دنوں سے شروع کردی ہیں‘مہنگائی اور حکومت کی نااہلیوں کے خلاف جلسہ ہوگا‘ہمارا احتجاج صرف انکے خلاف نہیں ہے ان کٹھ پتلیوں کو لانے والوں کے خلاف بھی ہے‘عوام سے نوالہ چھین کر اس ملک کو نہیں بچا سکتے‘عوام سے گزارش ہے بھرپور طریقے سے
اس جلسے میں شرکت کریں‘اس حکومت نے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا‘اس حکومت کے بس میں نہیں ہے کہ وہ حالات بہتر کرے‘عوام اس جلسہ کو اپنی شرکت سے کامیاب بنائیں گی۔ پاکستان کی تمام سیاسی پارٹیاں ایک پیج پر ہیں‘جب تک اس حکومت سے چھٹکارہ حاصل نہ کرلیں سکون سے نہیں بیٹھے گے‘ہم نے احتجاج نہ کیا تو عوام ہمیں معاف نہیں کریگی۔ علاوہ ازیں وفاقی سطح پر قائم اپوزیشن اتحاد کی صوبائی جماعتوں کا اجلاس پیپلزپارٹی کی میزبانی میں میڈیا سیل بلاول ہاوس میڈیا سیل میں منعقد ہوا
جس کی صدارت سندھ کے سابق وزیراعلیٰ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید قائم علی شاہ نے کی جبکہ اجلاس میں پی پی پی کے صوبائی جنرل سیکریٹری وقار مہدی، کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی، تاج حیدر اور نعمان شیخ،مسلم لیگ ن کے شاہ محمد شاہ، مفتاح اسماعیل، علی اکبر گجر،جے یو آئی ایف کے مولانا عبدالکریم، مولانا غیاث، مولانا حماد اللہ،اے این پی کے یونس بونیری، فاروق بنگش، حنیف شاہ،جے یو پی حلیم خان غوری، نوید نورانی،پی کے ایم اے پی کے نظیر جان، سکندر خان،این پی کے رمضان میمن اور مجید ساجدی نے شرکت کی۔اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور 25جولائی کو یوم سیاہ منانے کے حوالے سے غوروخوص کیا گیا اورفیصلے کئے گئے کہ رہبر کمیٹی کی ہدایات پر بھرپور عمل کرتے ہوئے 25جولائی کو سندھ میں اپوزیشن جماعتیں بھرپور انداز میں یوم سیاہ منائے گی اور 25جولائی 2018کے الیکشن میں ہونے والی بدترین دھاندلی کو بے نقاب کریں گی۔