اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی مبینہ کرپشن کا انکشاف کرنے والے برطانوی صحافی ڈیوڈ روز نے کہا ہے کہ ڈیلی میل میں شائع شدہ ان کی خبر سے متعلق مریم اورنگزیب کا دعوی مضحکہ خیز ہے،ڈیلی میل کے صحافی ڈیوڈ روز نے کہا ہے کہ ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ (ڈی ایف آئی ڈی) کی جانب سے تردید کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ خبر سے متعلق تمام ثبوت موجود ہیں،
ڈی آئی ایف ڈی نے میری باتوں کی تردید نہیں کی ۔تفصیلات کے مطابق شہباز شریف سے متعلق ڈیلی میل کی ایک خبر میں دعوی کیا گیا ہے کہ انھوں نے زلزلہ متاثرین کے لیے ملنے والی امداد میں لاکھوں پاونڈز کی خورد برد کی۔پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے ڈیلی میل کی خبر کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یو کے ایڈ نے ڈیلی میل کے الزامات مسترد کر دیے ہیں، ڈیلی میل کی اسٹوری معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے پلانٹ کرائی۔ نجی ٹی وی نے اس سلسلے میں صحافی ڈیوڈ روز سے رابطہ کر کے بات چیت کی، ڈیوڈ روز نے کہا کہ خبر سے متعلق تمام ثبوت موجود ہیں، ڈی آئی ایف ڈی نے میری باتوں کی تردید نہیں کی، انھوں نے وہی باتیں دہرائیں جو بہ طور ثبوت میں نے پیش کیں۔ڈیوڈ روز نے کہا کہ ان کی جو تصویر پیش کی گئی ہے وہ گزشتہ سال الیکشن سے قبل عمران خان سے انٹرویو کی ہے، اس سے متعلق مسلم لیگ ن کا دعوی جھوٹا ہے، مریم اورنگ زیب کو متعدد کالز اور میسیجز کیے لیکن انھوں نے جواب سے گریز کیا۔صحافی کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے کی خبر پر بھی ن لیگ نے دعوے کے باوجود کوئی کیس نہیں کیا، نواز شریف پراپرٹی کی خبر پر لیگل نوٹس دور کی بات ای میل تک نہ کی گئی۔دریں اثنا، ڈیلی میل میں شہباز شریف سے متعلق خبر دینے والے صحافی نے ٹویٹر اکاونٹ کے ذریعے کہا کہ ڈی ایف آئی ڈی کی تردید ویسی نہیں جیسی پیش کی جا رہی ہے، یہ صرف خبر میں موجود اس بیان کا دہرانا ہے،
ان کا بیان ہے کہ زلزلہ فنڈ سے متعلق کوئی ثبوت نہیں ہے، ان سے کہتا ہوں خبر پڑھیں اس میں ثبوت ہے، یہ خبر ضایع شدہ پیسے کی نشان دہی کرتی ہے۔ڈیوڈ روز نے ٹویٹ میں لکھا کہ ن لیگ پاکستان میں میری عمران خان کے ساتھ تصویر دکھا رہی ہے، تصویر کے ساتھ کہا جا رہا ہے کہ شہباز شریف پر میرا آرٹیکل پلانٹڈ ہے، لیکن یہ تصویر گزشتہ سال کی ہے جب الیکشن سے قبل عمران خان کا انٹرویو کیا تھا۔برطانوی صحافی نے اس تصویر سے متعلق ثبوت پر لنک بھی شیئر کیا۔