لاہور (آن لائن) سکھ مذہب کے چھٹے گورو،گورو ہر گوبند سنگھ کی یادوں سے منسوب گوردوارہ کھارا صاحب نوشہرہ ورکاں کو 70 سال بعد کھولنے کے بعد سکھ کمیونٹی کے سپرد کر دیا گیا،جہاں سکھ کمیونٹی اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں گے،پہلے روز ہو نے والی مذہبی رسومات میں پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے جنرل سیکرٹری سردار گوپال سنگھ چاولہ نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ خصوصی شرکت کی اور قیام پاکستان سے قبل بند گوردوارہ کو تزئین و آرائش کے بعد سکھ کمیونٹی کے حوالے کرنے
پر وزیر اعظم عمران خان اور متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کا شکریہ ادا کیا،سردار گوپال سنگھ چاولہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سکھ کمیونٹی کے لئے کسی مسیحا سے کم نہیں ہیں،کرتار پور راہداری منصوبہ اوربا گورونانک کے 550ویں جنم دن تقریبات کو بھرپور طریقے سے منانے کا اعلان وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے سکھ کمیونٹی کے لئے تحفہ ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل اور مثالی مذہبی آزادی حاصل ہے جس کا بھارت میں تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔