لاہور (آن لائن) ملک بھر سمیت اور بالخصوص صوبائی دارالحکومت لاہور میں تاجروں کی ہڑتال رکوانے یا اسے ناکام بنانے کے لئے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بنائی جانے والی دس رکنی کمیٹی ہڑتال رکوانے یا ناکام بنانے میں خود ناکام ہو گئی ہے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی سربراہی میں بنائی جانے والی دس رکنی کمیٹی میں صوبائی وزراء اور مشیران شامل تھے۔ جنہیں وزیراعظم نے اپنے اپنے اضلاع میں تاجروں
کی ہڑتال کے حوالے سے ٹاسک دیا تھا لیکن دس رکنی کمیٹی کے ارکان اس سارے عرصے میں میڈیا سیشن تک ہی محدود رہے۔ اطلاعات کے مطابق کمیٹی میں شامل کسی وزیر یا مشیر نے ہڑتالی تاجر رہنمائوں سے حکومتی اقتصادی پالیسیوں پر کوئی گفت و شنید نہ کی جبکہ تاجروں کی ہڑتال کی کامیابی پر صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ تاجروں کے جو گروپ ہڑتال کر رہے ہیں وہ ٹیکس نہیں دیتے تاجروں کو سیاسی جماعتوں کا آلہ کار نہیں بننا چاہیے۔