کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے ڈیفنس میں نجی ٹی وی اینکر مرید عباس سمیت دو افراد کے قتل میں مزید اہم پیشرفت سامنے آگئی ، 50 لاکھ کے تنازع سے شروع ہونیوالی رقم ایک ارب روپے تک پہنچ گئی۔ ملزم عاطف زمان نے برطانوی خاتون کے بھی 17 کروڑ روپے دینے تھے۔ذرائع کے مطابق کراچی میں اینکر مرید عباس کا قتل معاملے کی تہہ تک پہنچنا پولیس کے لئے چیلنج بن گیا، تفتیشی حکام نے مزید شواہد اکھٹے کرلیے، کیس میں مزید انویسٹرز
کا انکشاف ہوا ہے۔تفتیشی حکام کے مطابق ملزم عاطف زمان نے برطانوی شہریت رکھنے والی خاتون سے بھی رقم لی تھی، خاتون مختلف چینلز میں اینکر بھی رہ چکی ہیں، برطانوی خاتون کے 17 کروڑ روپے عاطف نے دینے تھے،ادھر تفتیش حکام کا کہنا ہے کہ کیس میں پانچ افراد کے بیانات قلمبند کیے جاچکے ہیں، تین کاروباری شراکت داروں کو طلب کر لیا گیا ہے جبکہ کیس میں ملوث ملزم عدنان زمان کی گرفتاری کے لیئے تفتیشی ٹیم کسی بھی وقت بالاکوٹ روانہ ہوگی۔