لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی خلیل طاہر سندھو،رانا ارشد اور میاں منان نے منشیات برآمدگی کے الزام میں گرفتار رانا ثنا اللہ سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر احتجاجاً کیمپ جیل کے دروازے پر دھرنا دیدیا ۔ اراکین اسمبلی نے جیل کے عملے کو اپنا تعارف کرایا۔
اور اندر جانے کی اجاز ت طلب کی تاہم جیل عملے نے انہیں کہا کہ ملاقاتیوں کی فہرست میں آپ کا نام شامل نہیں جس پر اراکین اسمبلی نے جیل کے دروازے پر دھرنا دیدیا ۔ خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ وکیل کو ملزم سے ملاقات کرنے سے نہیں روکا جا سکتا،میں قائمہ کمیٹی کا ممبر بھی ہوں ۔اندر جانے کی اجازت نہ ملنے پر خلیل طاہر سندھو، رانا ارشد اور میاں منان نے کیمپ جیل کے دروازے پر دھرنا دے دیا۔خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ رانا ثنا اللہ مضبوط اعصاب کے مالک ہیں، راناثنا اللہ کے مخالفین نے بھی کبھی ان پر منشیات کا الزام نہیں لگایا۔ مطالبہ ہے کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ واقعے کا ازخود نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کو گرفتار کرنے سے دو روز قبل ایک سازش کے تحت سکیورٹی واپس لی گئی۔منصوبہ بندی کرنے والوں کو معلوم تھا کہ پولیس اہلکار گواہ نہیں بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ جلد سرخرو ہو کر جیل سے باہر آئیں گے۔ اس موقع پر دیگر رہنمائوں نے کہا کہ حکومت کے منفی ہتھکنڈوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہوں گے بلکہ ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔