اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں جمعرات 4 جولائی سے 10 جولائی کے دوران مون سون بارشوں کی نوید سنا دی گئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات سے مون سون ہوائیں پاکستان میں داخل ہوں گی، کئی علاقوں میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، ڈی آئی خان، کشمیر، مری، گلیات اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون کی بارشوں کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت ملک بھر میں شدید گرمی پڑ رہی ہے اور مون سون کی بارشیں گرمی کی اس شدت کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی، گرمی کی شدت کی وجہ سے بعض علاقوں میں پانی کا لیول بھی بہت نیچے چلا گیا ہے جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت ہو گئی ہے۔ مون سون کی بارشوں سے نہ صرف پانی کی کمی پوری ہونے میں مدد ملے گی بلکہ گرمی کی شدت میں کمی بھی واقع ہو گی۔