کراچی (این این آئی) تنظیم(ایم کیو ایم پاکستان)بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستارنے بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سخت مذمت اور غصے کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان غربت نہیں بلکہ غریب کے خاتمے کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔اتوارکو جاری بیان میں ڈاکٹر فاروق ستارنے کہاکہ عوام کے اعصاب جواب دے چکے ہیں،گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے۔انہوں نے سوال کیاکہ کیا عمران خان سرمایہ داروں کے نمائندے اور
غریبوں کے دشمن ہیں؟،وزیر اعظم کی معاشی پالیسیوں سے غربت اور افلاس میں اضافہ ہوا ہے۔ڈاکٹر فاروق ستارنے کہاکہ ملک کو بے چینی اور مایوسی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔مہنگائی کے باعث پھیلنے والی افراتفری ملکی سلامتی اور خودمختاری کیلئے نقصان دہ ہے۔عمران خان کو پاکستانی غریب عوام کو مہنگائی کے دلدل میں دھکیلنے کے بجائے ریلیف دینا چاہئے۔