لاہور(پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں بچوں سے زیادتی اور پورنوگرافی کے واقعات کے سدباب کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ ایسے گھناؤنے واقعات کو روکنے کیلئے قابل عمل جامع ایکشن پلان مرتب کیا جائے اور پولیس ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کرے۔
وزیراعلیٰ نے بچوں سے زیادتی اور پورنوگرافی کے واقعات کا سخت نوٹس لیا ہے اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز بچوں سے زیادتی اور پورنوگرافی کے واقعات کا سدباب یقینی بنائیں اور ایسے واقعات میں ملوث ملزمان خواہ کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں، ان کے خلاف بلاتفریق ایکشن ہوتا ہوا نظر آنا چاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بچوں سے زیادتی اور پورنوگرافی کے واقعات پر بہت تشویش ہے۔ میں صوبے کے عوام کو جوابدہ ہوں۔ بچے ہمارا مستقبل ہیں، انہیں تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کو معصوم بچوں کی زندگیاں برباد کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جاسکتی۔ بچوں کے ساتھ ایسی قبیح حرکت کرنے والے کسی بھی معاشرے کیلئے بدنما داغ ہیں، لہٰذا ایسے واقعات میں ملوث ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور ایسے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کی رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائے۔ سردار عثمان بزدار نے صوبے میں بچوں سے زیادتی اور پورنوگرافی کے واقعات کے سدباب کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ ایسے گھناؤنے واقعات کو روکنے کیلئے قابل عمل جامع ایکشن پلان مرتب کیا جائے اور پولیس ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کرے۔