کراچی(این این آئی) گزشتہ ہفتے انٹر بینک میں ڈالر 3 روپے 22 پیسے مہنگا ہوا، ڈالر کی قدر بڑھنے سے قرضوں میں 12 سو 73 ارب روپے کا اضافہ ہوگیاہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے انٹر بینک میں ڈالر 3 روپے 22 پیسے مہنگا ہوا، انٹر بینک میں ڈالر 156.83 سے بڑھ کر 160.05 روپے پر بند ہوا۔ایک ہفتے کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 164.05 کی بلند ترین سطح تک ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق جون کے پورے ماہ میں انٹر بینک میں ڈالر کی اونچی اڑان ریکارڈ کی گئی۔
مجموعی طور پر جون میں انٹر بینک میں ڈالر 12 روپے 13 پیسے مہنگا ہوا۔ ایک ماہ میں ڈالر 147 روپے 92 پیسے سے مہنگا ہو کر 160 روپے 5 پیسے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔ڈالر 12 روپے 13 پیسے مہنگا ہونے سے قرضوں میں 12 سو 73 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا۔ظفر پراچہ نے اس ضمن میں بتایاکہ 5 روز میں انٹر بینک میں ڈالر 5.60 روپے مہنگا ہو چکا ہے، ڈالر 5.60 روپے مہنگا ہونے سے بیرونی قرضوں میں 588 ارب روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔