کراچی(این این آئی) پاکستانی فضائی حدود میں گھسنے اور ناکام حملہ کرنے کا جرم،پاکستان نے بھارت کی ”سزا“ مزید بڑھادی، بڑا نقصان برداشت کرنا ہوگا،تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستانی فضائی حدود میں اوور فلائی کی بندش میں 12 جولائی تک توسیع کردی۔
بھارت سے کشیدگی کے باعث سول ایوی ایشن کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود میں ٹرانزٹ اور اوور فلائی پر 28 جون تک پابندی عائد تھی تاہم اب اوور فلائی کی بندش کے دورانیے میں مزید 15 دن کی توسیع کی گئی اوور فلائی کی بندش کے بعد بھارتی طیارے پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کرسکیں گے۔ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پاکستانی فضائی حدود میں ٹرانزٹ اور اوور فلائی نئے حکم نامے تک بند رہے گی جبکہ ایسٹرن ائیر سائیڈ بند اور ویسٹرن فضائی حدود میں آپریشن جاری ہے۔یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے 26 فروری کو بالاٹ کے مقام پر بم گرانے کے دعویٰ اور اس کے اگلے ہی روز پاکستان کے بھرپور جواب کے بعد پاکستان نے ایسٹرن فضائی حدود کو بند رکھا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کے راستے کی بندش کی وجہ سے اب تک بھارتی فضائی کمپنیاں بڑے پیمانے پر نقصان کا سامناکرچکی ہیں اور اب پابندی میں توسیع کی وجہ سے انہیں مزید نقصان اٹھانا پڑے گا، پاکستانی راستے کی بندش کی وجہ سے بھارت سے اُڑنے والی متعدد پروازوں کو لمبے روٹ اختیارکرنے پڑ رہے ہیں جس کی وجہ سے مسافت میں گھنٹوں اضافہ سمیت فیول اوردیگر اخراجات کی مد میں بھارتی کمپنیوں کو بڑے نقصانات کا سامناکرنا پڑ رہاہے۔