اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستانی خواتین ملک میں ہر شعبے میں اپنا کردار بخوبی ادا کر رہی ہیں، پاکستانی خواتین کسی طرح بھی مردوں سے کم محنتی نہیں، عام دفتر سے لے کر میڈیکل کے شعبے تک خواتین اب پیش پیش ہیں، اب پاکستانی خواتین ائیرفورس، نیوی اور پاک فوج میں بھی اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں، ایسا ہی ایک قابل فخر نام میجر فوزیہ پروین کا بھی ہے جو آج کل پاک فوج کی جانب سے عالمی امن کے مشن پر سائپرس میں تعینات ہیں، میجر فوزیہ کی ٹوئٹر پر تصویر وائرل ہے،
یہ تصویر اقوام متحدہ کے سائپرس مشن کی جانب سے شیئر کی گئی ہے، اس تصویر میں میجر فوزیہ بفر زون میں روٹین کی پٹرولنگ پر ہیں اور اقوام متحدہ کی گاڑی بھی واضح ہے، عالمی ادارے نے اپنے ٹوئٹ میں پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستانی ٹروپس نے دسمبر 2018ء میں سائپرس کا امن مشن جوائن کیا، پاکستان ان ممالک میں سے ایک ہے جنہوں نے عالمی امن کے لیے سب سے زیادہ فوج فراہم کر رکھی ہے، اقوام متحدہ کی کل فوج نو فیصد پاکستانیوں پر مشتمل ہے۔