لاہو ر(این این آئی) پنجاب میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد سندھ سے تجاوز کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التواجمع کروادی گئی۔ مسلم لیگ(ن) کی رکن اسمبلی سمیرا کومل کی جانب سے جمع کروائی گئی تحریک التواکے متن میں کہا گیا کہ پنجاب میں سندھ سے زیادہ ایڈز سے متاثرہ افراد کا انکشاف ہوا ہے۔سندھ میں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی تعداد 5سو سے زیادہ ہے۔
پنجاب میں بھی 13ہزار 4سو سے زائد افراد ایچ آئی وی ایڈز سے متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ ایڈز کے کیسز ضلع ڈیرہ غازی خان میں رپورٹ ہوئے ہیں،جہاں تین ہزار سے زائد افراد ایچ آئی وی سے متاثر ہیں۔فیصل آباد میں بھی ایچ آئی وی متاثرین کی تعداد دو ہزار آٹھ سو سے زائد ہو چکی ہے۔اسکریننگ کے دوران جیلوں میں تین ہزار قیدیوں میں بھی ایڈز کا وائرس پایا گیا ہے۔