کراچی(این این آئی)شہر قائد میں ڈکیتیوں کی وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے، ڈکیتیوں کے دوران پولیس موبائل اور وردی استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک 5 میں پولیس موبائل میں سوار ملزمان نے گھر میں ڈکیتی کی، متاثرہ شہری نے پولیس حکام کو واردات سے متعلق بذریعہ تحریری درخواست آگاہ کردیا۔درخواست کے متن کے مطابق پولیس موبائل اور دو موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان تلاشی کے بہانے گھر میں داخل ہوئے، دو ملزمان پولیس کی وردی میں ملبوس تھے اور ان کے ساتھ متعدد سادہ
لباس اہلکار بھی موجود تھے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے تمام گھر والوں کے شناختی کارڈ چیک کیے اور سارے گھر کی تلاشی لی، تلاشی کے دوران ملزمان نے خواتین اور بچوں کے ساتھ بدتمیزی بھی کی۔ملزمان نے گھرمیں رکھے صندوق کے تالے توڑے اور سوا لاکھ سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے، واقعہ دو روز قبل رات کے وقت پیش آیا۔مذکورہ واقعے پر تاحال پولیس کی جانب سے کوئی پیش رفت نہ ہوسکی، شہری کی درخواست اور ملزمان کی علاقے میں آنے اور فرار ہونے کی سی سی ٹی وی میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح ڈکیت پولیس موبائل اور موٹر سائیکل پر آرہے ہیں۔