لاہور(این این آئی)اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 40ہزار روپے کا بانڈ کیش کرانے پر کوئی کٹوتی نہیں، 40 ہزار روپے کا بانڈ کیش کرانے پر 40ہزار روپے ہی ملیں گے۔اسٹیٹ بینک ترجمان کی جانب سے شہریوں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ مرکزی بینک کا دفاتر کے باہر ایجنٹوں سے کوئی تعلق نہیں، شہریوں کو لوٹنے والے ایجنٹوں کیخلاف کارروائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کام ہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے واضح کیا گیا
ہے کہ 40 ہزار روپے کے بانڈز سے متعلق صارفین کے پاس 31 مارچ 2020 تک کا وقت ہے۔گزشتہ روز لاہور میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے لاؤڈ سپیکر پر شہریوں کو ایجنٹ مافیا سے محتاط رہنے کی ہدایات کے اعلانات کئے جاتے رہے۔ واضح رہے کہ ایجنٹ مافیا شہریوں کو حکومتی پالیسی سے خوفزدہ کر کے 40ہزار کا بانڈ 35سے 38ہزار روپے میں خریداری کر رہے تھے تاہم شہریوں نے اسٹیٹ بینک کی وضاحت کے بعد اطمینان کا سانس لیا ہے۔