اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے دوران ملزمان کی صحت خرابی سے متعلق ریمارکس دیے ہیں کہ اس کیس میں گرفتار ہونے والے افراد بیمار پڑ جاتے ہیں کیا قومی احتساب بیورو (نیب) ہیڈکواٹرز کو ہسپتال ہی نہ بنادیں؟۔ جمعرات کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جج ارشد ملک نے آصف علی زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس اور میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔سماعت کے آغاز پر حسین لوائی اور طٰحہٰ رضا کی عدالت میں
عدم موجودگی پر ان کے وکیل نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل نیب کی حراست میں ہیں، تاہم ان کی عدم موجودگی سے لگ رہا ہے کہ کہیں انہیں مار تو نہیں دیا گیا۔ان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان سے ان کے اہلخانہ اور وکلا کو ملنے نہیں دیا جاتا۔انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ دونوں ملزموں پر نیب نے ضرور تشدد کیا ہوگا، دونوں ملزم بیمار تھے کچھ پتہ نہیں کہ انہیں کیا کھلا گیا ہو۔آصف علی زرداری روسٹرم پر آئے تو عدالت میں موجود تین ملزمان کو ہتھکڑیوں میں دیکھ کر اعتراض اٹھایا اور کہا کہ یہ پڑھے لکھے لڑکے ہیں، انہیں ہتھکڑیاں کیوں لگا رکھی ہیں؟ یہ تو وائٹ کالر کرائم ہے۔سابق صدر نے کہاکہ عدالت جو بھی فیصلہ کرے مگر نیب تو اچھا سلوک کرے۔جج ارشد ملک نے نیب حکام سے سوال کیا کہ کیا ان ملزمان کو ہتھکڑی نیب نے لگا رکھی ہے؟ جس پر نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ انہیں جیل سے پولیس لائی ہے، اس ہتھکڑی کے ہم ذمہ دار نہیں ہیں۔سماعت کے دوران ملزم اسلم مسعود کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی تو جج ارشد ملک نے ان کی موجودگی کے بارے میں استفسار کیا تو انہیں آگاہ کیا گیا کہ وہ اس وقت ہسپتال میں ہیں۔جج ارشد ملک نے استفسار کیا کہ اس کیس کی ایک اور ملزمہ فریال تالپور کہاں ہیں جس پر نیب حکام نے انہیں بتایا کہ وہ پروڈکشن آرڈر پر ہیں اور اس وقت کراچی میں سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہیں۔
جج ارشد ملک نے انور مجید کے عدالت میں موجود ہونے سے متعلق استفسار کیا تو آصف علی زرداری روسٹرم پر تشریف لائے اور کہا کہ یہ ڈکیت نہیں اور نہ ملک دشمن عناصر ہیں۔آصف علی زرداری نے کہا کہ انور مجید کا صرف 30 فیصد دل کام کرتا ہے جبکہ 70 فیصد بند ہے، ایسے مریض کو نیب نے پرسوں رات ہسپتال سے اٹھا لائے، انہیں ایئرپورٹ لے کر گئے تو ان کی طبیعت بگڑنے پر انہیں دوبارہ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔سابق صدر نے کہا کہ ہمارے نیب والے اتنے اہل ہیں کہ بعد میں
انور مجید کو ہسپتال میں چھوڑ کر پھر ان کے بیٹے عبد الغنی مجید کو اٹھا لائے۔اس کے ساتھ ساتھ ملزمان نمر مجید، ذوالقرنین مجید اور علی کمال مجید نے بریت کی درخواستیں دائر کر دیں۔درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ اس کیس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے، لہٰذا ہمیں اس کیس میں بری کیا جائے۔جج ارشد ملک نے ریمارکس دیے کہ بریت کی درخواست سے متعلق تھواڑا صبر کر لیتے، جس پر ملزمان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے ہائی کورٹ کا آرڈر بھی درخواست کے
ساتھ لگایا ہے جو کہتا ہے کہ ملزمان کا اس کیس سے تعلق نہیں بنتا۔جج نے درخواستوں پر نیب سے دلائل دینے کا کہا جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے جواب جمع کروانے کے لیے وقت مانگ لیا۔ملزم عبدالغنی مجید نے میڈیکل سہولیات کی درخواست دائر کرتے ہوئے استدعا کی کہ انہیں ہسپتال سے اٹھایا گیا، تاہم طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔اس پر جج ارشد ملک نے ریماکس دیے کہ جس کسی کو گرفتار کیا جاتا ہے تو اس کی طبیعت خراب ہوجاتی ہے کیوں نہ نیب کے ہیڈکوارٹر کو ہی ہسپتال میں
تبدیل کر دیا جائے؟آصف علی زرداری نے کہا کہ ایسے بھی ہم کمزور نہیں صاحب، وہ اور لوگ ہوتے ہوں گے جو ڈرتے ہیں،میں نے 13 سال قید تنہائی کاٹی ہے، مولا کا کرم ہے مجھے کچھ نہیں ہوا۔جج ارشد ملک نے ریمارکس دیے کہ سب لوگ ایسے نہیں ہوتے، کچھ لوگ شیر سے لڑ جاتے ہیں تو کچھ چھوٹے سے جانور سے بھی ڈرتے ہیں۔آصف زرداری نے جواب دیا کہ وزیراعظم تو چھپکلی سے بھی ڈرتے ہیں جس پر جج نے نوکمنٹس کہ کر بات ختم کی اور کیس کی سماوعت 8 جولائی تک ملتوی کردی۔سماعت کے اختتام پر جب نیب حکام نے آصف علی زرداری کو واپس چلنے کا کہا تو انہوں نے جواب دیا کہ ادھر جا کر بھی کیا کرنا ہے، ادھر ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں تاہم بعد میں اٹھ کر نیب حکام کے ساتھ چلے گئے۔