برسلز (این این آئی)پاکستان اور یورپی یونین کے مابین نیا اسٹریٹجک باہمی تعاون منصوبہ (اسٹرٹیجک انگیجمنٹ پلان) پر معاہدہ طے پا گیا۔منگل کو معاہدے پر دستخط کی پروقار تقریب برسلز میں منعقد ہوئی،یورپی یونین کی جانب سے ان کی اعلیٰ نمائندہ فیڈریکا موگرینی نے جبکہ پاکستان کی طرف سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے معاہدے پر دستخط کیے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نئے اسٹریٹجک پلان پر دستخط کے بعد یورپی یونین کی اعلی عہدیدار فیڈریکا موگرینی کے
ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں بے حدمسرور ہوں کہ پاکستان اور یورپی یونین (ای یو) نے ’سٹرٹیجک انگیجمنٹ پلان‘پر دستخط کردئیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان, یورپی یونین اورا س کے تمام رکن ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہاکہ یورپی یونین ہماری روایتی حلیف، تجارت اور سرمایہ کاری میں پاکستان کی بڑی شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا تعاون،جمہوری اقدار، کثیرالشراکتی، باہمی ہم آہنگی اور احترام کی مشترک اقدار پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ امر باعث اطمنان ہے کہ ہم نے پاکستان اور یورپی یونین کی شراکت کو تزویراتی انگیجمنٹ پلان (ایس ای پی) کی صورت میں ترقی دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں دونوں جانب سے سٹرٹیجک انگیجمنٹ پلان کو حتمی شکل دینے کے لئے کوششوں کو سراہتا ہوں جو مستقبل میں تعاون کے لئے ٹھوس بنیاد فراہم کرتا ہے۔یہ دونوں جانب سے تعلقات کو وسعت دینے اور نئے سامنے آنے والے حقائق کے مطابق انہیں مزید بہتر بنانے کی خواہش کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایس ای پی ختلف شعبہ جات میں ہمارے تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے ایک طویل المدتی عزم ہے۔ یہ مستقبل کے تقاضوں کے مطابق ہونے کے علاوہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سٹرٹیجک تعاون کا جامع فریم ورک ہے جس میں امن وخوشحالی، تجارت وسرمایہ کاری،
نقل مکانی کرنے والوں کے امور، پائیدار ترقی، توانائی، تعلیم اور ثقافت کے فروغ پر باہمی بنیادوں پر اتفاق شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ امن اور سلامتی کے شعبے میں دونوں اطراف تعاون کریں گی، ایک دوسرے کے بہترین تجربات سے سیکھیں گی جس میں سائیبر سکیورٹی، منی لانڈرنگ اور کسی بھی بحران سے نبردآزما ہونا شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ علوم کے تبادلے، عوامی سطح پر روابط، ترقیاتی منصوبوں اور اچھی حکمرانی کے شعبہ جات میں تعاون کے نئے امکانات کو روشن کرے گا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اور یورپی یونین، ری ایڈمیشن ایگریمنٹ کے عنوان سے قریبی تعاون پر کار بند ہیں،ہم مل کر اپنے شہریوں کے وسیع تر باہمی مفاد میں، نقل مکانی اور نقل وحرکت کے امور پر جامع مذاکرات کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ’ایس ای پی‘ کی چھتری کے نیچے پاکستان اور یورپی یونین تجارت وسرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید وسعت اور مضبوط بنانے کے لئے کام کریں گے اور پبلک پرائیویٹ شراکت داری، کاروباری سطح پر مذاکرات اور کارپوریٹ سیکٹر میں مشترکہ
منصوبوں کے لئے نئے امکانات تلاش کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ تعلیم، بشمول اعلی تعلیم، فنی اور پیشہ وارانہ تربیت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے پاکستان اور یورپی یونین کے رکن ممالک کے درمیان پل کا کام کریگا۔ انہوں نے کہاکہ میں یورپی یونین کی نمائندہ خصوصی، فریڈریکا موغیرینی سے آج اہمیت کے دیگر امور خاص طورپر علاقائی معاملات پر بات چیت کا خواہاں ہوں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی، امن اور ترقی کے تعلق میں پنہاں ہے جنہیں ایک دوسرے سے
جدا نہیں کیاجاسکتا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم ثابت قدمی کے ساتھ پرامن ہمسائیگی کی تعمیر، کلیدی شراکت داروں کے ساتھ مضبوط تعلقات، علاقائی اور عالمی معیشتوں کیساتھ زیادہ مربوط ہونے کے لئے کام کررہے ہیں۔ اس تمام تناظر میں پاکستان اور یورپی یونین کی شراکت داری نمایاں ہے۔ ہمارے تبادلہ خیال میں یہ پہلو شامل ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ میں ایک بار پھر یورپی یونین کی نمائندہ خصوصی برائے امور خارجہ، فریڈریکا موغیرینی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے یہاں مدعو کیا،میں مستقبل میں ان کی کامیابیوں کے لئے دعاگو ہوں۔