لاہور(پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے بارش کے پیش نظر صوبائی انتظامیہ اور امدادی سرگرمیوں سے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے، نکاسی آب کیلئے متحرک انداز میں کام کیا جائے اور نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے تحت
فرائض سرانجام دیں۔ نکاسی آب کے کاموں میں غفلت قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔افسران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے خود فیلڈ میں نکلیں اور نکاسی آب کے کام کی نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی میں خلل نہیں پڑنا چاہیئے اور ٹریفک حکام اس ضمن میں خود فیلڈ میں موجود رہیں اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہیئے۔