اسلام آباد،لاہور(اے این این،این این آئی ) مالی سال 20-2019 کے فنانس بل کی منظوری کے بعد فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کو گھروں پر چھاپے مارنے کا اختیار مل جائے گا۔مالی سال 20-2019 کے فنانس بل کے مطابق انکم ٹیکس کمشنر غیر ظاہر شدہ سونے اور غیر ملکی کرنسی کی برآمدگی کے لیے چھاپے مارسکیں گے اور چھاپوں میں برآمد شدہ سونا اور غیر ملکی کرنسی ضبط کرلی جائے گی۔دوسری جانب فیڈرل بورڈ آف ریو نیو
نے بے نامی کمپنیوں کے خلاف بھی کریک ڈائون کا فیصلہ کرتے ہوئے سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ایف بی آر کی جانب سے 33بے نامی کمپنیوں کی تفصیلات سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے طلب کی گئیں ہیں۔ ایف بی آر نے سیکیورٹی ایکسچینج کمپنیز آف پاکستان سے بے نامی کمپنیوں کے مالکان کے نام اور انکے شناختی کارڈ نمبر و دیگر تفصیلات طلب کی ہیں۔