کراچی (این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے کراچی میں جائیدادیں کرائے پر دینے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ایف بی آر کے براڈنگ ٹو ٹیکس بیس نے جائیدادیں کرائے پر دینے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلیے پلان تیار کرلیا ہے۔ ادارے نے سندھ کے انفارمیشن ایکٹ 2015 سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے پولیس تھانوں کو مکان مالکان کی تفصیلات فراہم کرنے کیلیے خط لکھ دیا ہے۔ تمام ایس ایچ اوز 17 جون 2019 تک گزشتہ ایک سال میں کرائے پر دی جانے والی جائیدادوں کی تفصیلات فراہم کریں گے۔
تفصیلات میں مکمل پتہ، کرائے کا معاہدہ، کمرشل اور رہائشی جائیداد کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہے۔سندھ کے قانون کے تحت پراپرٹی ڈیلرز اور مالک مکان 48 گھنٹے میں جائیداد کرائے پر دینے کی اطلاع دینے کے پابند ہیں۔ایف بی آر کے مطابق کراچی میں 30 لاکھ کے قریب کمرشل اور رہائشی جائیدادیں ہیں جبکہ ایک اندازے کے مطابق 25 فیصد جائیدادیں کرائے پر دے کر سالانہ فکسڈ آمدنی بھی کما رہے ہیں لیکن ٹیکس نہیں دیتے۔ایف بی آر پیر 10 جون کو اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر چکا ہے جو کہ ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے کیا گیا۔