کراچی(این این آئی)تحریک انصاف نے پیپلزپارٹی کی رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کی نااہلی کے لیے درخواست سندھ اسمبلی میں جمع کرادی ہے،درخواست میں فریال تالپورکوآمدن سے زیادہ اثاثے رکھنے اورانہیں چھپانے پرنااہل قراردینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔فریال تالپورکے آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے خلاف درخواست تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج دیگرنے
سندھ اسمبلی میں جمع کرائی ہے۔ قبل ازیں سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہماری ٹیم نے فریال تالپورکی خفیہ جائیداد کا پتہ چلایا ہے وہ اربوں روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں اورزرداری گروپ کی کمپنیاں آپریٹ کرتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے فریال تالپور کی نااہلی کے لیے اسپیکر کو درخواست جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے دینے جارہے ہیں،فریال تالپورکے اثاثوں کی جتنی بڑی لسٹ ہے وہ سوچ بھی نہیں سکتے وہ مختلف کمپنیوں میں 10 ہزارکی شیئر ہولڈربھی ہیں، فردوس شمیم نقوی نے کہاکہ فریال تالپورکی جس جائیداد کا پتہ چلایا گیا ہے وہ انہوں نے الیکشن کمیشن میں ظاہر نہیں کی ہیں۔ تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج نے کہاکہ فریال تالپورکی لاڑکانہ اور قمبر شہدادکوٹ میں جائیدادیں ہیں،یہ صرف تین نہیں اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات میں بھی جائیدادیں ہیں،اسپیکرسندھ اسمبلی کوان کی نااہلی کے لیے ہم درخواست جمع کرارہے ہیں دے رہے اسپیکر کی ذمہ داری ہے کہ 30 دن میں وہ درخواست کا فیصلہ کریں کوئی جواب دیں یا نااہلی کی درخواست الیکشن کمیشن کوبھیجیں۔