اسلام آباد(آن لائن)سی ڈ ی اے نے اسلام آباد میں انٹیلی جینٹ ٹرانسپورٹیشن سسٹم(ITS)متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ ملک بھر میں پہلی مرتبہ اسلام آباد میں شروع کیا جارہا ہے تاکہ ٹریفک سے متعلقہ ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ یہ سسٹم اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کورایڈور پر زیرو پوائنٹ سے روات تک متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اسلام آباد سگنل فری کو ریڈور پر زیرو پوائنٹ سے روات تک چلنے والی ٹریفک کو مختلف انٹر سیکشنز پر اس نئے سسٹم سے کنٹرول کیا جائے گا۔
اس سسٹم میں ایکسپریس وے پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے جو کہ Pan، Tiltاور Zoom (PTZ) کے علاوہ سٹیٹک جیسی جدید ٹیکنالوجی کے حامل ہوں گے۔ یہ کیمرے ہر 3کلومیٹر کے فاصلے پر لگائے جائیں گے۔ یہ کیمرے 500 میٹر تک کوریج کریں گے۔ اس ضمن میں ٹریفک کنٹرول سینٹر(TCC) بھی بنایا جائے گا۔ اس ٹریفک کنٹرول سینٹر کو اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور پر نصب کی جانے والی تمام تنصیبات سے منسلک کیا جائے گا جس میں بیک لائیٹ ایل ای ڈی ویڈیو وال سکرین، ویڈیو وال کنٹرولر ویڈیو سٹوریج اور کورنیٹ ورک سوئچ شامل ہیں۔ الیکٹرانک پیغام رسانی اسلام آباد ٹریفک سسٹم کا نہایت اہم جزو ہو گا جس سے روڈ سیفٹی، بے ہنگم ٹریفک میں روانی جس سے وقوعے کے بارے میں منٹوں میں تمام معلومات کے علاوہ ڈرائیور، گاڑیوں اور ایکسپریس وے کے تمام روڈ ورک کی معلومات حاصل ہو سکیں گی۔ اس مقصد کے لیے ایکسپریس وے پر موجود پلوں اور گینٹریز کو استعمال میں لایا جائے گا۔ اسلام آباد ایکسپریس وے پر اسلام آباد ٹریفک سسٹم فائبر آپٹک کے ساتھ باہم آپس میں جڑا ہوا ہوگا۔ اس سسٹم سے نہ صرف ایکسپریس وے پر چلنے والی گاڑیوں کی شناخت بلکہ ایکسپریس وے پر آنے والی گاڑیوں کی تعداد کا بھی پتہ چلایا جائے گا تاکہ ایکسپریس وے پر چلنے والی ٹریفک کو رواں رکھنے میں آسانی رہے۔بالخصوص رش کے اوقات میں بہتر ٹریفک مینجمنٹ کو ممکن بنایا جا سکے۔
تیز رفتاری پر قابو پانے کے لیے یہ سسٹم مرکزی کردار ادا کرے گا۔ پوائنٹ ٹو پوائنٹ (P2P) کے افرادی قوت کے بغیر سپیڈ انفورسمنٹ سسٹم استعمال میں لایا جائے گا جس کے لیے پوائنٹس کے درمیان رفتار کا جائزہ لیکر اُس کا تناسب نکالا جائے گا۔ اس طرح ایکسپریس وے پر گاڑیوں کے وزن کے لیے بھی مختلف سٹیشن بنائے جائیں گے جبکہ اس پراجیکٹ کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ای جرمانے کا نظام بھی قائم کیا جائے گا۔ بجلی کے تعطل یا بندش کی صورت میں اس سسٹم کو بلا رکاوٹ چلانے کے لیے ہائی پاور جیل بیٹریاں بھی مہیا کی جائیں گی۔ ایکسپریس وے پر ٹریفک کی صورتحال معلوم کرنے کے لیے عوام الناس کو ویب پورٹل کے علاوہ موبائل ایپ کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔واضح رہے کہ انٹیلی جینس ٹراسپورٹ سسٹم (ITS) ملک بھر کے کسی بھی شہر میں پہلی مرتبہ متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے علاوہ حفاظتی لیول، ٹریفک کے باعث ماحول پر پٹرنے والے اثرات سے بچاؤ، زہریلی گیس، شور شرابے اور دیگر سہولیات کو بہم پہنچانے میں آسانی رہے گی اور شہر میں زیادہ صاف ستھرا اور صحت افزاء ماحول مہیا ہو سکے گا۔