اسلا م آبا د (این این آئی) وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران وزیراعظم آفس کے اخراجات میں نمایاں کمی کی گئی۔ جمعرات کو وزارت خزانہ کے اعلامیہ میں کہاگیاکہ رواں مالی سال وزیراعظم آفس کے اخراجات میں 32 فیصد کی بے مثال کمی کی گئی،رواں مالی سال وزیراعظم آفس کیلئے 98 کروڑ 60 لاکھ روپے رکھے گئے تھے،کفایت شعاری کے باعث اخراجات کو 67 کروڑ 50 لاکھ روپے تک محدود کر دیا گیا وزارت خزانہ کے مطابق وزیر اعظم آفس پبلک کے اخراجات میں 41 فیصد
کمی ہوئی،رواں مالی سال کیلئے وزیر اعظم آفس پبلک کیلئے 51 کروڑ 40 لاکھ روپے رکھے گئے تھے۔وزارت خزانہ کے مطابق اصل اخراجات 30 کروڑ 50 لاکھ روپے کے ہوئے،اخراجات میں کمی کیلئے وزیر اعظم آفس نے انسانی وسائل کم کر کے 35 فیصد اور خوردونوش، پٹرول، آلات اور مشینری کی بھی بہت بچت کی۔وزارت خزانہ کے مطابق آئندہ مالی سال کیلئے وزیر اعظم آفس کا بجٹ رواں مالی سال کے مقابلے میں 12 فیصد کمی کے ساتھ 86 کروڑ 29 لاکھ روپے مختص کیا گیا ہے