اسلام آباد (نیوز ڈیسک) 53 ویں بین الاقومی ائیر شو کی افتتاحی تقریب لابرجے، پیرس میں ہوئی، اس تقریب میں پاکستان ائیرفورس کے طیارے جے ایف 17 تھنڈر نے اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، فرانسیسی صدر ایمانول میکرون نے اس تقریب کا افتتاح کیا،
پاکستانی سفیر معین الحق اور پاکستانی مسلح افواج کے وفد کے اعلیٰ ارکان نے اس تقریب میں شرکت کی۔ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے جے ایف 17 تھنڈر نے رافیل طیارے پر اس کے گھر میں برتری ثابت کرتے ہوئے شاندار کارنامہ سرانجام دیا، پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر نے 229 کلومیٹر الٹی پرواز کرتے ہوئے رافیل طیارے کو پیچھے چھوڑ دیا، رافیل طیارہ صرف 188 کلومیٹر ہی الٹی پرواز کر سکا۔ اس طرح اس ائیر شو میں پاکستان اور چین کی جانب تیار کردہ کم قیمت لیکن جدید جنگی طیارے جے ایف 17 تھنڈر نے دھوم مچا دی، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جے ایف 17 تھنڈر کی خریداری کے لیے کئی ممالک نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے، ان طیاروں کی خریداری کے لیے پاکستان سے رابطہ بھی کیا گیا ہے لیکن ابھی معاملات طے نہیں ہوئے، نائیجریا اور میانمار پہلے ہی اس طیارے کی خریداری کے لیے پاکستان سے معاہدہ کر چکے ہیں، مصر، ملائیشیا اور کچھ اور ممالک بھی اس جنگی طیارے کی خریداری کے لیے معاہدہ کرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں،پاکستان کے جنگی طیارے نے جب بھارتی جنگی طیارے کو مار گرایا تو اس وقت سے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ان طیاروں کی فروخت سے نہ صرف پاکستان کو کثیر زرمبادلہ ہو گا بلکہ پاکستان کی دفاعی صنعت کو بھی انٹرنیشنل سطح پر فروغ حاصل ہو گا۔